کمالیہ میں جگہ جگہ غیر قانونی سپیڈ بریکر کی بھر مار

کمالیہ(نامہ نگار)ممبر تحصیل امن کمیٹی کمالیہ رانا اسرار احمد خاں نے کہا ہے کہ شہر بھر میں جگہ جگہ قائم کیے گئے غیر قانونی اور غیر معیاری اسپیڈ بریکرز سنگین ٹریفک حادثات کا سبب بن رہے ہیں، جن کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ان اسپیڈ بریکرز کی نہ تو کوئی منظوری لی گئی ہے اور نہ ہی انہیں ٹریفک قوانین کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے ۔ متعدد مقامات پر بغیر کسی وارننگ سائن بورڈ، پینٹ یا روشنی کے بنے ہوئے اسپیڈ بریکرز موٹر سائیکل سواروں، بزرگ شہریوں اور ایمبولینس سمیت ہنگامی گاڑیوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔ انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہر میں قائم تمام غیر قانونی اسپیڈ بریکرز کا سروے کیا جائے اور جن کی ضرورت نہیں یا جو قواعد و ضوابط کے خلاف ہیں انہیں فی الفور ختم کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیڈ کنٹرول کے لیے صرف وہی اسپیڈ بریکرز بنائے جائیں جو قانون کے مطابق، معیاری اور واضح نشانات کے ساتھ ہوں۔ غیر قانونی اسپیڈ بریکرز کا خاتمہ نہ صرف حادثات میں کمی لائے گا بلکہ ٹریفک کی روانی کو بھی بہتر بنائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں