فیصل آباد(پ ر) پاکستان تحریک انصاف این اے 105 کے رہنما چوہدری حسام علی وڑائچ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اور وسائل آبادی میں سالانہ آٹھ لاکھ افراد کے اضافے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی ۔ آبادی بڑھنے کی رفتار دنیا میں سب سے زیادہ جبکہ شرح نمو بڑھنے کی رفتاری افریقی ممالک سے بھی کم ہے جو صورتحال میںخرابی کا پتہ دیتی ہے ۔ پاکستان کی آباد ی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد ‘ بھارت میں 0.7 چین 0.1 اور بنگلہ دیش میں 1.1 فیصد ہے ۔ کمروز معیشت اور بڑھتی آبادی کی وجہ سے ملک میں چالیس فیصد بچے مناسب غذائیت سے محروم ہیں ۔ زچہ بچہ کی اموات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے ۔ ساری دنیا میں افغانستان کے علاوہ صرف پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں پولیو کی بیماری ختم نہیں کی جاسکی ہے ۔ آبادی کا بڑا حصہ صاف پانی سے محروم ہے ۔ یرقان اور ٹی بی عام ہے اور ہر چار بالغ افراد میں سے ایک کو شوگر ہے ۔ پاکستان میں ڈھائی کروڑ کے قریب بچے سکول جانے سے محروم ہیں اور جن کو سکول میسر ہیں ان میں سے چند فیصد کو چھوڑ کر سب غیر معیاری تعلیم کے حصول پر مجبور ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی میں بھی پاکستان سرفہرست ہے اور اسکے شہر اکثر دنیا میں آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست رہنے کا اعزاز حاصل کرتے رہتے ہیں ۔ ان حالات میں معاشرے کے کھاتے پیتے اکثر گروپس نے صحت ‘ تعلیم ‘ سیکورٹی ‘ رہائش ‘ پانی اور روزگار وغیرہ کے انتظام کے لئے اپنے نظام وضع کر لئے جبکہ غریب عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔
16