کمشنر جہانگیر انور کا جھنگ کا دورہ،بیت المال سویٹ ہوم میں مقیم بچوں سے ملاقات

جھنگ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق ”ایک دن، ایک تحصیل” پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے اس ضمن میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل جھنگ کا تفصیلی دورہ کیا اورپاکستان بیت المال سویٹ ہوم میں مقیم بچوں سے ملاقات کی ۔ کمشنر نے ان سے پڑھائی،کھیلوں میں شرکت بارے سوالات جبکہ کلاس رومز کا دورہ کرکے یتیم بے سہارا بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔انہوں نے بچوں کی تعلیم وتربیت،فلاح وبہبود کے اقدامات کو سراہا۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے بچوں کے لئے تفریح کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اوردیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔کمشنر فیصل آباد نے نگہبان رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔نرخناموں کی موجودگی کا جائزہ اورصارفین سے قیمتوں کے تقابلی جائزہ بارے گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لئے رمضان بازار کے ساتھ ریڑھی بازار اور عام مارکیٹ میں اشیا کی قیمتوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ دن میں دو بار پرائس کنٹرول میکنزم بارے رپورٹ حکومت پنجاب کو بھجوائی جارہی ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جھنگ کا دورہ بھی کیا اوروارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت،ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے مشینری کے فعال ہونے کا جائزہ لیا۔کیتھ لیب کا دورہ کرکے دستیاب طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر نے صفائی کے معیار کو چیک اورڈاکٹرز کی حاضری رپورٹ دیکھی۔انہوں نے ہسپتالوں کی انسپکشن کا عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔کمشنر نے تحصیل سپورٹس کمپلیکس کے سٹیٹ آف دی آرٹ ان ڈور ہال کو سراہا۔انہوں نے بیڈمنٹن بھی کھیلی،کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ ترجیح ہے۔کمشنر نے آرچری (تیر اندازی) کے ڈویژنل مقابلوں کے تحت بوائز وگرلز کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔انہوں نے کھلاڑیوں کو کھیلوں کی مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ کمشنر فیصل آباد نے دارالامان/ شیلٹر ہوم کا دورہ کرکے مقیم خواتین سے ملاقات اور ان میں کپڑے اوربچوں میں بھی گفٹس تقسیم کئے۔انہوں نے مقیم خواتین سے سنٹر کے انتظامات دریافت جبکہ دارالامان کے کمروں،کچن ودیگر شعبے دیکھے۔کمشنر نے واسا کے ڈسپوزل کی سائٹ کا دورہ کرکے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت میگا پراجیکٹس پرجاری کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ 5۔ارب روپے کی لاگت سے شہر بھر میں سیوریج کے مسئلہ کا پائیدار حل یقینی ہوگا جس سے ساڑھے6 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔زیرتعمیرڈسپوزل اسٹیشن کے ذریعے400 کلومیٹر سیوریج نیٹ ورک کی بحالی کی جائے گی۔کمشنر نے کہا کہ آئندہ مون سون سے پہلے مشینری بروئے کار لاکر ڈی سلٹنگ کی جائے گی۔ واسا کے قیام کے بعد عوامی شکایت حل اور پبلک فیڈبیک مثبت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں