کمشنر ساہیوال کا تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز کرنیکا حکم

ساہیوال(بیوروچیف )کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ڈویژن کے تمام بڑے شہروں اور قصبات میں عارضی اور پختہ تجاوزات کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے تجاوزات دور کرنا اور ٹریفک کو ریگولیٹ کرنا بہت ضروری ہے۔ تمام میونسپل ادارے ٹریفک پولیس کے تعاون سے روزانہ کی بنیاد پر کاروائی کریں اور ریڑھی والوں کو متبادل جگہ بھی دیں، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں تجاوزات اور ٹریفک مینجمنٹ بارے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، ماریہ طارق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سیف اللہ بھٹی، ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر ساہیوال مرزا تنویر بیگ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو سرکاری زمینوں اور پلاٹوں پر قبضے واگزار کرانے کی خصوصی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ ایم اے جناح روڈ اور فیصل آباد روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے جسے عوام کی اکثریت نے سراہا ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اگلے مرحلے میں اندرون جی ٹی روڈ اوکاڑہ اور بے نظیر روڈ سے تجاوزات ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں