کمشنر سرگودھا کاناقص صفائی پر اظہار برہمی

سرگودہا(بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت ایس ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر نے ناقص صفائی اور غفلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پانچ یونین کونسلوں کے سپروائزرز شیخ سہیل، سمیع اللہ ، احمد شیخ، کامران غلام اور رانا سرور کو ملازمت سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اسی طرح اسسٹنٹ منیجر مانیٹرنگ حافظ توقیر کو بھی عہدے سے برطرف کرنے کی ہدایت کی، جبکہ متعلقہ ٹھیکیدار کو وارننگ و جرمانہ کرنے کا حکم دیا گیا۔کمشنر سرگودہا نے کہا کہ صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں