سرگودھا(بیورو چیف) کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ سرگودہا جہانزیب اعوان نے بورڈ کی زیر تعمیر عمارت کا موقع پر جا کر معائینہ کیا اور تعمیراتی کام کی کوالٹی کو چیک کیا۔ اس موقع پر ایس ای بلڈنگ امانت علی ، سیکرٹری بورڈ سردار اختر عباس بلوچ ، کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی اور انجینئر شعیب صابر بھی موجود تھے۔ ایس ای بلڈنگ نے بورڈ عمارت کے اب تک کے کام بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 43 کروڑ کی لاگت سے تین منزلہ عمارت کا کام جاری ہے۔ یہ عمارت 18 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کی جائے گی۔ نئی عمارت کا گراؤنڈ فلور سیکریسی برانچ، میٹرک ریکارڈ ہال، انٹر ریکارڈ اور سٹور پر مشتمل ہوگا۔ اپر فلور جنرل پریس، سٹور و ریکارڈ برانچ سٹاف ، سیکورٹی ہال، جنرل برانچ ، اسٹیٹ برانچ ، انجینئرنگ برانچ ، ریسرچ برانچ ، انتظار گاہ، او ایم آر سیکشن اور تمام برانچوں سے سربراہ کے دفاتر پر مشتمل ہوگا۔ فرسٹ فلور میٹرک اسٹاف اینڈ ریکارڈ ہال، انٹر اسٹاف و ریکارڈ ہال، آئی ٹی شعبہ، ویلفیئر برانچ ، فزیکل ایجوکیشن برانچ،فنانس برانچ اور انکے سربراہان کے دفاتر پر مشتمل ہوگا۔کمشنر کا کہنا تھا کہ تعلیمی بورڈ کے نئے بلاک کی تعمیر سے اس ادارہ کی ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوگا۔ نیا بلاک انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تمام ضروریات پوری کرے گا اور جدید تقاضوں کو بھی ملحوظ خاطر رکھے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے بلاک کی تعمیر سے سروس ڈلیوری اور شفافیت میں بہتری آئے گی۔کمشنر نے جاری منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ کام کی کوالٹی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا۔
13