کمشنر سرگودھا کا میونسپل کارپوریشن دفتر کا دورہ

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنرسرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے ہمراہ میونسپل کارپوریشن دفتر کا دورہ کیا۔ چیف آفیسر عمر فاروق نے مختلف برانچوں سے متعلقہ بریفنگ دی اور جاری ترقیاتی و اصلاحی اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں سے غیرقانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری و پیدل چلنے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر نے اس آپریشن کو مزید مؤثر اور مستقل بنانے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران شہر کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) سے متعلق منصوبوں، خصوصاً چوکوں کی تزئین و آرائش کے جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ شہر کی ظاہری خوبصورتی شہریوں کے ماحول پر خوشگوار اثر ڈالتی ہے، لہٰذا اس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مزید برآںسڑکوں کے پیچ ورک اور مرمت کے جاری کاموں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آ سکے۔ اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن میں حال ہی میں قائم کی جانے والی جدید آئی ٹی لیب کا بھی معائنہ کیا۔ انہیں لیب میں فراہم کردہ سہولیات، استعمال ہونے والے سافٹ ویئرز اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے آئی ٹی لیب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے میونسپل سروسز کی کارکردگی اور شفافیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔کمشنر جہانزیب اعوان نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دیں، دفتری امور میں بہتری لائیںاور عوامی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دورے آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ زمینی حقائق کا براہ راست مشاہدہ کیاجا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں