کمشنر سرگودھا کا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی کا دورہ

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تعمیراتی کاموں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مسجد، چار فلورز اور ٹوائلٹ بلاک مکمل کر لیے گئے ہیں، کیفے ٹیریا پر کام جاری ہے جبکہ لفٹ فنکشنل کر دی گئی ہے۔ کمشنر نے خود لفٹ کے ذریعے مختلف فلورز کا معائنہ کیا۔ تمام سول ورک 15 نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ جدید مشینری کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے او پی ڈی بلاک کا بھی معائنہ کیا، جہاں مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور روزانہ سو سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ کمشنر نے ڈاکٹرز اور مریضوں سے گفتگو کی۔ اس دوران بعض ادویات کی کمی کی نشاندہی پر انہوں نے موقع پر ہی سیکرٹری ہیلتھ کو پیغام بھیج کر صورتحال سے آگاہ کیا۔دورے کے دوران کوٹ ادو سے آئے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے بزرگ مریض نے بھی کمشنر سے ملاقات کی اور ادویات کی فراہمی کی درخواست کی، جس پر کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دیگر شہروں سے آنے والے مریضوں کو بھی مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔کمشنر سرگودہا نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک اہم منصوبہ ہے جس کے فعال ہونے سے سرگودہا سمیت اردگرد کے اضلاع کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بورڈ آف گورنرز اور سی ای او کی تقرریوں میں پیش رفت جاری ہے اور ہسپتال جلد مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں