کمشنر سرگودھا کا چائلڈ پروٹیکشن کا دورہ

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے چائلڈ پروٹیکشن دفتر کانڈی وال روڈ سرگودہا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے تحفظ، بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید اسد عباس شیرازی ، ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران کمشنرکو چائلڈ پروٹیکشن آفس کی کارکردگی، زیر کفالت بچوں کی تعداد، فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے بچوں کے لیے قائم تعلیمی، طبی اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنیہ کیا اور عملے سے ان کے فرائض سے متعلق گفتگو کی۔ جہانزیب اعوان نے کہا کہ بچے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن آفس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور بے سہارا بچوں کی نگہداشت ایک عظیم خدمت ہے جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مزید موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیر کفالت بچوں کی تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ کمشنر نے عملے کو یقین دلایا کہ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ بچوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ تعاو ن فراہم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں