کمشنر سرگودھا کا ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ ،سہولیات مزید بڑھانے کی ہدایت

سرگودھا (بیوروچیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کی عمارت کے بیرونی و اندرونی حصوں کے رنگ و روغن اور تزئین و آرائش کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خواجہ محمد سہیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے داخلی اور خارجی راستے الگ الگ بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ داخلی راستہ کمپنی باغ کی جانب جبکہ خارجی راستہ موہنی روڈ کی طرف سے ہوگا تاکہ ٹریفک کے بہائوکو بہتر بنایا جا سکے۔ کمشنر نے موہنی روڈ گیٹ کے قریب پارک کی مجوزہ سائٹ کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ہسپتال آنے والے مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پارکنگ اور دیگر انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ کمشنر سرگودھا نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی آراء و تجاویز سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں اور تیمارداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔قبل ازیں کمشنر سرگودھا نے سرجیکل بلاک کا دورہ کیا اور لفٹ کے ذریعے پہلی منزل پر جا کر مختلف وارڈز و آپریشن تھیٹر اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں