کمشنر سرگودھا کا ڈسٹرکٹ ہسپتال خوشاب کا دورہ،صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنرخوشاب فروہ عامر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خوشاب کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی خدمات میسر آ سکیں۔دورے کے دوران کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے واصف علی واصف میڈیسن بینک کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے میڈیسن بینک میں دستیاب ادویات، ان کی ترسیل کے نظام اور ضرورت مند مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیسن بینک کے قیام کو ایک قابلِ تقلید قدم قرار دیا اور کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات سے غریب اور مستحق افراد کو بہت فائدہ پہنچتا ہے۔کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر اے ڈی سی (آر) عبدالستار خان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ضیاء اللہ ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صائمہ اکرام نیازی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر آصف محمود قاضی بھی موجود تھے۔قبل ازیں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے جوہر جم خانہ کلب کا دورہ بھی کیا اور کلب میں فراہم سہولیات اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں