کمشنر سرگودھا کی امن کمیٹی و متحدہ علماء کونسل کے وفد سے ملاقات

سرگودھا(بیوروچیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی سے امن کمیٹی و متحدہ علماء کونسل کے وفد نے ملاقات کی اور سرگودھا میں تعیناتی پر ان کا خیرمقدم کیا۔ وفد میں قاری احمد علی ندیم، قاری وقار احمد عثمانی، امیر افضل اعوان اور میاں عبدالغفار شامل تھے۔ کمشنر حافظ شوکت نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں علماء کرام نے کمشنر کو امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی اور امن کمیٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔ علماء کا کہنا تھا کہ سرگودھا ڈویژن میں تمام مسالک کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور چھوٹے موٹے مسائل باہمی اتفاق رائے سے حل کر لیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے انتظامیہ تک معاملہ پہنچنے کی نوبت نہیں آتی۔ علماء کرام نے کہا کہ پورے ڈویژن میں ان کی جماعتیں موجود ہیں اور وہ انتظامیہ کے دست و بازو بن کر کام کر رہی ہیں۔ محرم الحرام ہو یا کوئی اور حساس موقع علماء کرام اپنی خدمات انتظامیہ کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کمیٹی نے ہمیشہ فعال اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں