کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت ماحولیاتی کمیٹی کا اجلاس،پولٹری شیڈز کے18کیس زیر غور

سرگودھا (بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل ماحولیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پولٹری شیڈز کے قیام سے متعلق 18کیس منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جنرل، جامعہ سرگودھا کے ماحولیاتی ایکسپرٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیش کیے گئے کیسز میں ضلع سرگودھا کے 13 جبکہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے دو، دو کیس شامل تھے۔ اجلاس میں پولٹری شیڈز کے قیام سے متعلق ماحولیاتی تقاضوں اور قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کی رپورٹس کی روشنی میں کیسز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر سرگودھا نے کہا کہ پولٹری فارمنگ زرعی معیشت کا اہم حصہ ہے، تاہم اس کے قیام میں ماحولیاتی قوانین اور حفاظتی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے منصوبوں کی منظوری دیتے وقت اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ قریبی آبادی، زرعی زمین اور ماحول پر منفی اثرات نہ پڑیں۔ کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں تاکہ منظور شدہ پولٹری شیڈز میں طے شدہ شرائط پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ اور عوامی صحت کے تقاضوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں