کمشنر سرگودھا کے سرکاری دفاتر کے اچانک معائنے،انتظامی خامیوں پر ایکشن

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے مختلف عوامی خدمات سے متعلق اداروں کے اچانک دورے کیے، جن میں ای خدمت مرکز، تحصیل دفتر اور اربن یونین کونسلز 19، 20، 3 اور 17 شامل ہیں۔ ان دوروں کا مقصد سرکاری خدمات کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لینا، عوامی شکایات سننا اور موقع پر حل نکالنا تھا۔ای خدمت مرکز کے دورے کے دوران کمشنر نے مختلف کائونٹرز پر جا کر شہریوں سے براہ راست سروسز کی فراہمی، عملے کے رویے، خدمات کے معیار اور زائد فیس کی غیر قانونی وصولی جیسے معاملات پر دریافت کیا۔ بیشتر سائلین نے خدمات پر عمومی اطمینان کا اظہار کیا تاہم پارکنگ کے مسائل کی نشاندہی کی۔ کمشنر نے اس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا اور سنٹر انچارج کو مشترکہ حکمتِ عملی سے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، بعض شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کے نقشہ کائونٹر پر تعینات انچارج کی مسلسل غیر حاضری کی شکایت بھی کی جس پر کمشنر نے وضاحت طلب کی۔تحصیل دفتر کے دورے کے دوران کمشنر نے شہریوں سے بات چیت کی تو بیشتر نے آن لائن نظام کی بار بار خرابی اور سروس میں تعطل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ خود کمشنر نے بھی موقع پر سسٹم غیر فعال پایا جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (ADCR) کو طلب کیا اور ہدایت کی کہ وہ پی ایل آر ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کر کے فوری طور پر سسٹم کو فعال کروائیں تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ ہو۔شہریوں نے سب رجسٹرار کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں