کمشنر فیصل آباد کا دورہ چنیوٹ،ناقص صفائی پر ستھرا پنجاب ٹھیکیدار کو2لاکھ جرمانہ

چنیوٹ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات پرکمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے سرکاری تعطیل کے باوجود چنیو ٹ میں مصروف ترین دن گزارا۔دورہ چنیوٹ کے دوران شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ستھراپنجاب ٹھیکیدار کو2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔انہوں نے بعض مقامات پر صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر ایکشن لیا اور اصلاح احوال کی ہدایت کی۔انہوں نے جھمرہ اور لاہور روڈ کا دورہ کیا اور سیوریج زدہ تالابوں کو ڈی واٹر کرنے کے جاری عمل کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں سیوریج کے پانی سے بننے والے جوہڑوں اور تالابوں سے سیوریج زدہ پانی کی نکاسی کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اوراب تک120سے زائد جوہڑوں وتالابوں سے سیوریج زدہ پانی ختم کرکے انہیں محفوظ بنایا گیا۔کمشنر نے موقع پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی اور ڈی واٹرنگ سیٹس سمیت ستھرا پنجاب کی بھاری مشینری کی طرف سے نکاسی کے اپریشن کو سراہا۔انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ خالی پلاٹوں کے مالکان کو چار دیواری کرانے یابروئے کار لانے کے لئے نوٹسز دیئے جائیں۔نوٹس کی عدم تعمیل پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کو سخت ایکشن کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اورڈویژن بھر میں ایسے تالابوں کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کرانے کے لئے تمام انتظامی مشینری سرگرم عمل ہے۔اگلے ایک ماہ میں ڈویژن بھر کے تمام سیوریج زدہ تالابوں کو خشک کردیا جائے گا۔تالاب خشک کرنے کے بعد علاقوں میں سیوریج نیٹ ورک لانے سمیت ڈسپوزل اسٹیشن بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب روزانہ کی بنیاد پر تالاب ختم کرانے کی پراگریس کا جائزہ لے رہی ہیں۔موقع پر موجود اہل علاقہ کی طرف سے تالابوں کو ختم کرانے پر ڈویژنل انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔کمشنر نے محلہ غفورآباد کا دورہ کرکے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر بریفنگ لی۔انہوں نے واسا،میونسپل کمیٹی،ضلع کونسل کو تمام دستیاب وسائل یکجا کرکے عوام کو ریلیف کی فراہمی کا حکم دیا اور کہا کہ اندرونی علاقوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن ترجیح ہے۔غفورآباد میں ڈسپوزل کے قیام سے سیوریج کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کا اچانک دورہ بھی کیا اورمختلف وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت،ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے صفائی کا معیار چیک،واش رومز میں صفائی اور پانی کی دستیابی چیک اور اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ادویات سٹور کا معائنہ،مشینری کے فعال ہونے کی تصدیق کی۔کمشنر نے مریضوں کے لواحقین کے لئے انتظار گاہ میں موجود افراد سے ملاقات کی اور بیٹھنے کی معیاری سہولت پر اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں طبی وانتظامی امور میں بہتری آرہی ہے جس کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت چنیوٹ کی مشہور فرنیچر مارکیٹ کو پیڈسٹرین بنانے کے جاری کاموں کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے موقع پر بریفنگ لی اور تاجروں سے ملاقات کی۔کمشنر نے گاڑیوں اور موٹر بائیکس کے لئے پارکنگ کی مختص جگہ کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو کہا کہ تاجروں کو مشاورتی عمل میں شامل کرکے فرنیچر مارکیٹ کو پیدل چلنے والوں کے لئے باسہولت بنانا ہے۔انہوں نے مارکیٹ میں سٹارم واٹر ڈرین کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی۔کمشنر نے فرنیچر مارکیٹ میں بلند وبالا عمارت میں فائر سیفٹی اقدامات کو باریک بینی سے دیکھا اور آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی چیک،عمارت میں ہنگامی راستوں کی موجودگی،آلات فعال ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے ریسکیو 1122 کے جاری اقدامات کو سراہا اور کہا کہ عوامی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے۔بلند بالا عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات کا آڈٹ جاری ہے۔اقدامات مکمل نہ کرنے والوں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔کمشنر نے فرنیچر مارکیٹ میں دکان پر فرنیچر کا معیار بھی دیکھا۔انہوں نے چنیوٹ چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع پر چنیوٹ میں عالمی معیار کی فرنیچر نمائش کرانے کے لئے انتظامیہ اور فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کو ٹارگٹ دے دیا۔انہوں نے کہا کہ نمائش میں غیر ملکیوں سمیت،کاروباری حضرات اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے چیمبر آف کامرس کا ہال،کمیٹی روم ودیگر حصے بھی دیکھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس،اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ اشفاق رسول سمیت دیگر افسران بھی دورہ پر ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں