لاہور(بیوروچیف) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب کا پانی جھنگ کے 40 سے زائد دیہات میں داخل ہو چکا ہے ۔ اپنی ٹیم کے ساتھ آج ضلع جھنگ کے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کا دورہ کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا سیلاب زدگان کے ریلیف اوربحالی کیلئے انتظامی سطح پر بہت کچھ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ جھنگ کی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ڈی سی جھنگ کو سیلاب سے متاثرہ تمام دیہات تک امدادی ٹیموں کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں ادویات اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ کمشنر فیصل آباد کو صورتحال کے نارمل ہونے تک ضلع جھنگ میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام اضلاع میں سیلاب زدگان کے لئے ریسکیو آپریشنز کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ریلیف سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
35