فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی طرف سے میٹرک امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کے احکامات پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن مریم خان نے میٹرک امتحانی مراکز کے سرپرائز وزٹس شروع کردیئے ۔ ا نہو ں نے گورنمنٹ خواتین کالج عید گاہ روڈ اور گورنمنٹ ایم سی سکول کوتوالی روڈ میں قائم سنٹرز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں امتحانی عمل کی جانچ کیساتھ طلبا کیلئے سہولیات،سکیورٹی ا نتظا ما ت چیک کئے۔انہوں نے امتحانی عملہ کی حاضریاں چیک کیں،کمرہ امتحانات میں ہدایات کے مطابق تمام سہولیات فراہمی کے احکامات دیئے۔کمشنر مریم خان کا اس موقع پر کہنا تھاکہ امتحانی سنٹرز پر نظم و ضبط ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ سنٹر کی حدود میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے بتایاکہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی سنٹرز کے سرپرائز انسپکشنز کے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔
