کمشنر کا تحصیل شورکوٹ کا دورہ،صفائی کی ناقص صورتحال پر ٹھیکیداروں کو 2لاکھ کے جرمانے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے صفائی کی ناقص صورتحال پر تحصیل شورکوٹ کے ہیلتھ مراکز میں ٹھیکیداروں کو دو لاکھ روپے کے جرمانے عائد کر دیئے۔ انہوں نے دورہ کے دوران غیر معیاری صفائی،بیڈشیٹس گندی ہونے پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شورکو ٹ اور مریم نواز ہیلتھ کلینک گڑھ مہاراجہ میں ٹھیکیدارو ں کو ایک،ایک لاکھ روپے کے جرمانے اور فوری طور پر ہیلتھ مرکز کی جامع واشنگ کرکے تصویری ثبوت فراہم کرنے کی تاکیدکی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں کمشنر فیصل آباد کا” ایک دن،ایک تحصیل “پروگرام کے تحت تحصیلوں کے نان سٹاپ دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے تحصیل شورکوٹ میں مریم نواز ہیلتھ کلینک گڑھ مہاراجہ کا دورہ کیا۔انہوں نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات،ادویات ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے ایکسرے مشین ودیگر مشینری کی فعالیت کو چیک کیا اور کہا کہ نچلی سطح پر مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں ہیلتھ کلینکس کا بنیادی کردار ہے لہٰذا رجوع کرنے والے مریضوں کو ہر ممکن دستیاب طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شورکوٹ کے دورہ پر مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی جبکہ صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر کنٹریکٹر کو جرمانہ کیا۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں میں دستیاب مشینری کی ورکنگ حالت پر اظہار اطمینان کیا جبکہ مریض ادویات ہسپتال سے ملنے پر مطمئن نظر آئے۔کمشنر نے میڈیسن سٹور میں ریکارڈ بھی چیک کیا۔ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ہسپتال کے داخلی راستے کو مزید بہتر کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو ٹاسک تفویض کئے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری سروسز کی فراہمی مشن ہونا چاہیے۔”ایک دن ایک تحصیل “پروگرام پر عملدرآمد کے تسلسل کے تحت کمشنر فیصل آباد نے تحصیل شورکوٹ میں نگہبان رمضان بازار کا دورہ کرکے اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور معیار چیک کیا۔انہوں نے نرخناموں کی موجودگی،سیب،امرود،کیلا کی قیمتوں بارے دریافت کیا۔انہوں نے موقع پر موجودصارفین سے پھلوں کی قیمتوں کے عام مارکیٹ سے فرق پر بھی گفتگو کی۔انہوں نے چکن،مٹن،بیف،آٹا،چینی،دالوں کی نسبتا کم قیمتوں پر دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر بھی ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں