کمشنر کا جڑانوالہ کا دورہ،صفائی کی غیر معیاری صورتحال پرPMUٹھیکیدار کو ایک لاکھ جرمانہ

جڑانوالہ(نامہ نگار)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جڑانو ا لہ میں صفائی کی غیر معیاری صورتحال پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے ٹھیکیدار کو 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا اس سے قبل بھی کنٹریکٹر کو جرمانہ عائد کیا گیاتھا۔کمشنر نے ٹھیکیدار کو کڑی وارننگ جاری کی اور صفائی کا اعلی معیار ہمہ وقت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ”ایک دن ایک تحصیل” پروگرام کے تحت کمشنر نے تحصیل جڑانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کرکے مشینری کی فعالیت چیک،مریضوں کی عیادت،ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔کمشنر نے سہولت بازار کا دورہ بھی کیا اور پھل وسبزیوں سمیت اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے نرخناموں کی موجودگی چیک کی اورموقع پر موجود صارفین سے سہولت بازار کے فوائد دریافت کئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈویژنل،ضلعی اور تحصیل انتظامیہ ماہ صیام میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل جڑانوالہ میں سہولت بازار کے ساتھ مزید ریڑھی بازار بھی قائم کیا جارہا ہے۔کمشنرمیونسپل لائبریری بھی گئے اور لائبریری کے مختلف حصے دیکھے۔انہوں نے لائبریری کو شاہکار منصوبہ اور کتب بینی کے شوقین کے لئے معیاری تحفہ قرار دیا۔انہوں نے کتب بینی کے لئے موجود افراد سے گفتگو کی اور کہا کہ لائبریری میں مزید کتب کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مرکزی پارک میں دستیاب تفریحی سہولیات کا مشاہدہ کیا اور پارک کو مزید دلکش اور عوام کے لئے باسہولت بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے پارک میں صفائی کے معیار کو سراہا اورتسلسل برقرار رکھنے کی تاکید کی۔قبل ازیں کمشنر نے چک113 گ۔ب کا دورہ کیا اورکوڑا کے ڈھیروں کے صفایا کے عمل کا جائزہ لیا۔تحصیل بھر میں ایک روز میں ایف ڈبلیوایم سی کی ٹیموں نے بھاری مشینری سے 115 سے زائد کوڑا کے ڈھیروں کو کلیئر کیا۔کمشنر نے موقع پر موجود اہل دیہہ سے ملاقات کی اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لئے تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پرکمیونٹی کی کمیٹی بھی قائم کی جارہی ہے۔” ایک دن،ایک تحصیل ” پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں کمشنر نے چک111 گ۔ب میں سیوریج زدہ تالاب کوڈی واٹر کرنے کے عمل کا جائزہ لیا۔ ہنگامی مہم کے تحت اب تک ڈویژن میں 220 سے زائد سیوریج زدہ تالاب کو ڈی واٹر کیا جاچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چک 111 کے سیوریج زدہ تالاب کو خشک کرکے سیوریج کی سکیم کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔سی ای اوایف ڈبلیو ایم سی روف احمد،اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ اورنگزیب گورایہ اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں