کمشنر کا دورہ سمندری ،ہسپتالوں کے وارڈز کا معائنہ،4نئی ڈائیلاسز مشینوں کے عطیہ پر فلاحی ادارے کی تعریف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرڈویژنل انتظامیہ کا ”ایک دن، ایک تحصیل” پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل سمندری کا دورہ اورتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔انہوں نے مخیر فلاحی ادارہ راہ انسانیت کی طرف سے ہسپتال کو4نئی ڈائیلاسز مشینوں کے عطیہ کو سراہا۔ ہسپتال میں مجموعی طور پر20ڈائیلاسز مشینوں کی بدولت گردہ کے مریضوں کو علاج کی تیزرفتار سروسز یقینی ہو۔مخیر ادارہ کی طرف سے آر او فلٹریشن پلانٹس اور کروڑوں روپے کی ادویات کی فراہمی احسن اقدام ہے۔کمشنر نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت اورادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے ادویات سٹوراورراہ انسانیت سنٹر کا بھی دورہ کیا۔کمشنر نے کہا کہ وارڈز کی جامع واشنگ اور صفائی کے معیار کوبرقرار رکھا جائے۔کمشنر نے چک 218 گ۔ب کا بھی دورہ کیا اور تالابوں سے پانی کو خشک کرنے کے جاری عمل کا معائنہ کیا۔انہوں نے خالی پلاٹ میں سیوریج زدہ پانی کی نکاسی کے کاموں اور موقع پر حفاظتی اقدامات دیکھے۔ ڈی واٹرنگ سیٹس سمیت ستھرا پنجاب کی بھاری مشینری بھی نکاسی کے اپریشن میں مصروف تھی۔کمشنر نے تحصیل انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ڈویژن بھر میں سیوریج کے پانی سے بننے والے جوہڑوں اور تالابوں سے سیوریج زدہ پانی کی نکاسی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری اور اب تک270 سے زائد ایسے جوہڑوں وتالابوں سے پانی نکال کر انہیں محفوظ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔رورل ایریاز میں سیوریج سسٹم کے لئے میگا منصوبے تجویز کئے جارہے ہیں۔کمشنر فیصل آباد نے تحصیل سمندری اوربعدازاں ڈجکوٹ کے ماڈل ریڑھی بازاروں کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے ریڑھی پر کیلا،سیب،امردو ودیگر پھلوں کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا جبکہ نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے صارفین سے ماڈل ریڑھی بازاروں میں اشیا کے معیار اور عام مارکیٹ سے قیمتوں کے فرق بارے دریافت کیا۔کمشنر نے کہا کہ ماہ صیام میں صارفین کو معیاری اشیا ارزاں نرخوں پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔ماہ صیام میں صارفین معیاری اشیائے ضروریہ کم قیمتوں پر ملنے پر مطمئن نظر آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں