کمشنر کا چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ ،انتظامات کی تعریف

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور گزشتہ روز جھنگ روڈ پر واقع سٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن ہسپتال کا سرپرائز وزٹ کرنے کیلئے ہسپتال پہنچ گئے اور ہسپتال میں داخل مریضوں کو فراہم سہولیات اور دیگر انتظامات دیکھ کر بے حد خوش ہوئے، کمشنر نے MS ڈاکٹر عامر نوید کو شاباش دی اور تمام اقدامات کی تعریف کر کے رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوا دی۔ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور گزشتہ روز 12جنوری اچانک چلڈرن ہسپتال پہنچے جن کی آمد کی اطلاع ملنے پر MS ڈاکٹر عامر نوید نے کمشنر کا خیرمقدم کیا اور انہیں ہسپتال میں داخل مریضوں کو فراہم سہولیات’ ادویات کے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ مریضوں کو 100 فیصد طور پر فری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمشنر نے تمام شعبوں کا وزٹ کیا۔ سب سے پہلے ایمرجنسی وارڈ میں جا کر داخل مریض بچوں اور ان کے والدین سے فرداً فرداً ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے ملنے والی سہولیات’ ادویات بارے دریافت کیا، جس پر تمام مریضوں اور ان کے ورثاء نے اطمینان کا اظہار کیا اس کے بعد ڈویژنل کمشنر سپیشل نرسری وارڈ میں گئے، جہاں پر MS ڈاکٹر عامر نوید نے بتایا کہ نرسری وارڈ میں 60بچوں کو داخل رکھنے کی سہولت ہے تاہم اس وقت یہاں پر 104 مریض بچے زیرعلاج ہیں جنہیں بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، مکمل ادویات دی جا رہی ہیں۔ راجہ جہانگیر انورنے ICU کا بھی وزٹ کیا وہاں پر موجود 7 وینٹی لیٹرز ہیں جو ساتوں فنکشنل ہیں۔ کمشنر نے مریض بچوں کے والدین سے پوچھا کہ آپ کو تمام ادویات ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں یا پھر بازار سے خرید رہے ہیں۔ جس پر والدین نے بتایا کہ انہیں تمام ادویات ہسپتال انتظامیہ فراہم کر رہی ہے۔ اس کے بعد کمشنر نے میڈیکل وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا،عامر نوید نے بتایا کہ76 مریضوں کو داخل رکھنے کی سہولت ہے تاہم وہاں پر بھی 200 سے زائد مریض بچے داخل ہیں۔ کمشنر نے ان تمام مریض بچوں اور اُن کے ورثاء سے بھی ادویات کی فراہمی اور ٹیسٹوں کی سہولیات بارے دریافت کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ ٹیسٹ بھی مفت کیے جا رہے ہیں اور ادویات بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کی بھی تعریف کی اور اپنی تفصیلی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوا دی جس میں بتایا کہ چلڈرن ہسپتال میں MS ڈاکٹر عامر نوید کی ان کی ٹیم کی جانب سے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہسپتال میں داخل مریض بچے اور ان کے ورثاء بھی مطمئن ہیں۔ ڈویژنل کمشنر نے موقع پر MS ڈاکٹر عامر نوید کو شاباش دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں