کم عمر ڈرائیور ز کیخلاف گھیرا تنگ،13376کے چالان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی طرف سے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف گھیرا تنگ’ اب تک مجموعی طور پر 13376 کم عمر ڈرائیورز کے چالان کئے گئے، سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔ مین شاہراہوں کے ساتھ ساتھ گلی’ محلوں میں بھی موٹرسائیکلیں اور گاڑیوں چلانے والے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے بغیر موٹرسائیکل’ گاڑیاں چلانے والوں کو سڑک پر آنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکل’ گاڑی کو بند کر دیا جائے گا اور ان کے والد کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 18سال سے کم عمر کے بچوں اور جن کے لائسنس نہیں ہے ان کو موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں چلانے کیلئے نہ دیں، اگر انہوں نے ایسا کیا تو بچوں کیساتھ ساتھ والد کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سی ٹی او نے کہا کہ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ کم عمر ڈرائیورز کی وجہ سے حادثات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی لاپرواہی کی وجہ سے نہ صرف ان کی اپنی جانوں کو خطرہ رہتا ہے بلکہ وہ دوسروں کیلئے بھی حادثات کا سبب بنتے ہیں جسکی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں اور بعض کو عمر بھر کیلئے معذوری کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ سی ٹی او فرحان اسلم نے بتایا کہ اب تک 13376 کم عمر ڈرائیورز کے چالان کئے گئے اور اب اس مہم کو مزید تیز کر دیا گیا ہے لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑیاں چلانے کیلئے نہ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں