کنگ عبدالعزیز مقابلہ حسن قرات کے فاتحین کا اعلان

مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) 45ویں کنگ عبدالعزیز مقابلہ حسن قرات و حفظ قرآن کی اختتامی تقریب مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں منعقد ہوئی’شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔جیتنے والوں کو پانچ کیٹیگریز میں 4ملین ریاال کے انعامات کے علاوہ تمام شرکا کو ایک ملین ریال کے انعامات دیے گئے۔سبق کے مطابق سعودی وزیر اسلامی امور نے مقابلے کے نتائج اور فاتحین کے ناموں کی منظوری دی۔اب تک کے سب سے بڑے مقابلے میں 128ممالک سے تعلق رکھنے والے 179افراد شریک ہوئے۔ پہلی کیٹیگری میں پانچ لاکھ ریال کا پہلا انعام جمہوریہ چاڈ کے محمد آدم محمد نے حاصل کیا۔ سعودی عرب کے انس بن ماجد الحازمی نے ساڑھے چار لاکھ ریال کے دوسرے اور نائیجریا کے سنوسی بخاری ادریس چار لاکھ ریال کے تیسرے انعام کے حقدار ٹھہرے۔ دوسری کیٹیگری میں سعودی عرب کے منصور بن متعب الحربی نے تین لاکھ ریال کا پہلا، الجزائر کے عبدالودود بن سدیرہ نے دو لاکھ 75ہزار ریال کا دوسرا جبکہ ایتھوپیا کے ابراہیم خیرالدین محمد نے ڈھائی لاکھ ریال کا تیسرا انعام حاصل کیا۔تیسری کیٹیگری میں دو لاکھ ریال کا پہلا انعام یمن کے محمد دماج الشویع، ایک لاکھ 90ہزار ریال کا دوسرا انعام چاڈ کے محمد کوسی، تیسرا انعام ایک لاکھ 80ہزار ریال سینگال کے بدر جانج، پانچواں انعام ایک لاکھ 70ہزار ریال امریکہ کے محمد امین حسن، پانچواں انعام ایک لاکھ 60ہزار ریال فلسطین کے کمال منسی کو ملا ہے۔چوتھی کیٹیگری میں ڈیڑھ لاکھ ریال سے ایک لاکھ 10ہزار ریال جبکہ پانچویں کیٹیگری میں 65 ہزار ریال سے 45ہزار ریال کے انعامات دیے گئے۔یاد رہے کہ فائنل رائونڈ چھ روز جاری رہنے کے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہوا تھا جس کے بعد اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قبل ازیں مقابلے کے کئی شرکاء نے کہا تھا کہ فائنل رائونڈ تک پہنچنا ان کے لیے فخر اور بڑے اعزاز کا باعث ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی ججز اور جدید الیکٹرانک ججنگ سسٹم کو سراہتے ہوئے وزارت اسلامی امور کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں