کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا،اسلحہ بارود کا بڑا ذخیرہ پکڑا گیا

سریاب (نامہ نگار) سی ٹی ڈی بلوچستان نے سریاب کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے کوئٹہ میں بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ممکنہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سریاب روڈ کے علاقے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا، برآمد شدہ سامان میں آئی ای ڈیز، خودکار ہتھیار، دستی بم اور مختلف قسم کا گولہ بارود شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، انٹیلی جنس لیڈ نے مشکوک نقل و حرکت اور اسلحہ و بارود سٹوریج کی طرف اشارہ دیا جس پر فوری ردعمل اور پیشہ ورانہ ردعمل نے ایک تباہ کن حملے کو مثر طریقے سے روک دیا۔علاوہ ازیں سی ٹی ڈی بلوچستان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گرد آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں میں بڑے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں