کوئی بھی عوامی شکایت زیر التواء نہیں رہنی چاہیے،ڈی جی FDAآصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حکم دیا ہے کہ کوئی بھی عوامی شکایت زیر التوا نہیں رہنی چاہیئے اس سلسلے میں ون ونڈو کائونٹر چیف منسٹر پورٹل یا کسی دیگر ذرائع سے موصول ہونیوالی عوامی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسکا ازالہ کریں اور ایف ڈی اے سے متعلقہ نہ ہونے کی صورت میں اگلے ہی لمحے جواب ارسال کریں۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی اور عوامی شکایات کے ازالہ کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی/ انچارج ون ونڈ کائونٹر عبد اللہ نور و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عوامی شکایات کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو “کمپلینٹ فری” بنانے کے لئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں تمام شعبے مستعد انداز میں فرائض انجام دیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ چیف منسٹر پورٹل، حکومت پنجاب، ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی طر ف سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں اس سلسلے میں اگر یادھانی کے خطوط موصول ہوئے تو متعلقہ شعبوں کے افسران کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنے والے عوامی مسائل کے حل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے جبکہ غیر متعلقہ شکایات متعلقہ فورم کے سپرد کریں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ون ونڈو پر قائم “ای بز پنجاب” ہیلپ ڈیسک کو فعال رکھاجائے تاکہ آسان کاروبار کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات پر عملدرآمد میں کوئی تعطل نہیں آنا چاہیئے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ وہ عوامی شکایات کے فی الفور ازالہ کو یقینی بنانے کے لئے شعبہ جاتی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھیں اور عدم توجہی یا فرائض میں غفلت برتنے والے سٹاف کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں