کوربن بوش نے پی ایس ایل سے دستبرداری کی وجہ بیان کر دی

کراچی(سپورٹس نیوز)کوربن بوش نے پاکستانی حکام کے سامنے پی ایس ایل سے دستبرداری کی وجہ بیان کر دی، بورڈ اب وضاحت کا جائزہ لے کر کسی کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ شروع ہونے والی پی ایس ایل 10 کیلیے پشاورزلمی نے جنوبی افریقی آل ر ائونڈر کوربن بوش سے معاہدہ کیا تھا، البتہ انھوں نے ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز سے ناطہ جوڑ لیا۔ بھارتی لیگ 22 مارچ سے25 مئی جبکہ پاکستانی ایونٹ 11 اپریل سے 18 مئی تک ہونا ہے، گذشتہ دنوں پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی پر بوش کو ایجنٹ کی معرفت سے لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا تھا، ان کے جواب کی روشنی میں کسی حتمی کارروائی کا فیصلہ کیا جاتا۔ ذرائع نے بتایا کہ کوربن بوش نے پاکستانی حکام کے سامنے اپنے فیصلے کی وضاحت کر دی، ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کی بے توقیری نہیں کر رہے لیکن اپنے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔ ممبئی انڈینز کی نہ صرف بھارت بلکہ دیگر کئی لیگز میں بھی فرنچائز ہیں، اس سے جڑ کر انھیں کیریئر کی لحاظ سے خاصا فائدہ ہوگا۔ پی سی بی اب ان کی وضاحت کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا کہ انھوں نے کس حد تک کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی اور ان کیخلاف کیا ایکشن لینا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں