ساہیوال(بیورو چیف)پاک چین اقتصا دی راہداری اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کے تحت پاکستان کے انفراسٹرکچر کی بہتری میں ساہیوال کول پاور پلانٹ کا کردار بہت اہم ہے۔ ترجمان ساہیوال کول پاور پلانٹ کے مطابق ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں ایک نمایاں منصوبہ ہے جو پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو بی آر آئی کے تحت تعمیر کیا گیا۔ اس پاور پلانٹ کی 1320 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت نے ملک کے بجلی کے نظام کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا خاص طور پر ان اوقات میں جب بجلی کی شدید قلت تھی۔اس منصوبے سے نہ صرف بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئی بلکہ عوام کو مستقل اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی بھی ممکن ہوئی۔2011 سے 2015 کے دوران پاکستان کو شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا تھا جس کی وجہ سے روزمرہ زندگی اور معیشت دونوں متاثر ہو رہے تھے۔ ایسے میں چین کی کمپنی ہوا نینگ نے آگے بڑھ کر ساہیوال پاور پراجیکٹ پر کام شروع کیا جو پاکستان کو اندھیرے سے نکالنے کی ایک اہم کوشش ثابت ہوئی۔ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لئے ایک سنگِ میل تھا ۔




