48

کونسلر سے لیکر MNAتک کا الیکشن لڑنے والا رانا زاہد محمود بھی موجودہ سیاسی منظر نامے سے غائب

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ماضی قریب میں کونسلر سے لے کر ٹائون ناظم اور ایم این اے تک کا الیکشن لڑنے والا رانا زاہد محمود بھی الیکشن 2024ء کے منظر نامے سے غائب ہے۔ ماضی میں موصوف نے میونسپل کونسلر کا الیکشن جیت کر کافی زیادہ شہرت کمائی اور وہ اس وقت کے میئر چوہدری عامر شیر علی کے مقابلے میں اپوزیشن لیڈر بنا اور اس نے دیگر ساتھی کونسلروں کے ساتھ مل کر شہباز گروپ بنایا۔ اس کے بعد اس نے ٹائون ناظم کا الیکشن لڑا اور لائلپورٹائون کی ناظم شپ کی۔ مسلم لیگ ق کے دور میں رانا زاہد محمودنے بیک وقت ایم این اے کے دو حلقوں سے الیکشن لڑا اور وہ دونوں حلقوں سے ہی الیکشن ہار گیا۔ کچھ عرصہ تک خاموش رہنے کے بعد رانا زاہد محمودنے اچانک تحریک انصاف کے پلیٹ فارم کا انتخاب کیا اور وہ کافی دیر تک لارڈ میئر فیصل آباد کی کمپین چلاتا رہامگر اس کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔9مئی واقعات کے بعد تحریک انصاف چھوڑنے والوں میں موصوف کا نام بھی شامل ہے۔ اس لئے اب وہ سیاسی منظر نامے سے مکمل طور پر غائب ہے اور الیکشن 2024ء میں حصہ لینے کے لئے اس نے کسی بھی حلقے سے کاغذ جمع نہیں کروائے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں