کوٹ مومن میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی سرپرستی اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی نگرانی میں تحصیل کوٹمومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ عوام کو کھانے پینے کی اشیاء ، خیمے، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ تمام محکمے فیلڈ میں موجود ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ 41 مواضعا ت میں 6 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ جہاں روزانہ 95 سو افراد کو پکا پکایا کھانا، 55 سو افراد کو خشک راشن کے بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح متاثرین میں 400 خیمے اور 400 پلاسٹک میٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔ پینے کا صاف پانی بھی روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے 3 ریلیف کیمپس میں 102 اہلکار تعینات ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے 11 ہزار 275 جانوروں کا انخلاء کیا گیا، ایک لاکھ 51 ہزار 765 جانوروں کو ویکسین لگائی گئی جبکہ 45 ہزار سے زائد کا علاج کیا گیا۔ جانوروں کے لیے 1701 بیگز(10 کلوگرام ) ونڈا، 43 سو کلوگرام سائیلج اور 95 ہزار 790 کلوگرام سبز چارہ تقسیم کیا گیا ہے۔طبی سہولیات کے تحت 10 فکسڈ میڈیکل کیمپس، 28 موبائل کلینکس اور 2 فیلڈ ہسپتال قائم ہیں جہاں مجموعی طور پر 34 ہزار 765 مریضوں کو علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔ متاثرین میں 5950 لیکٹوجن ملک پیکٹس اور 7900 ہائجین کٹس تقسیم کی گئی ہیں، جبکہ 76 اینٹی سنیک وینم اور 7 ہزار ایکوا پلز ( پانی کو پینے کے قابل بنانے کی گولیاں) بھی دستیاب ہیں۔محکمہ زراعت کے مطابق سیلاب سے 12 ہزار 73 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا ہے جن میں سب سے زیادہ نقصان گنے اور چاول کو پہنچا ہے۔ متاثرہ فصلوں میں 3743 ایکڑ چاول، 4579 ایکڑ گنا، 689 ایکڑ تل، 2267 ایکڑ چارہ، 535 ایکڑ سبزیاں اور 260 ایکڑ مکئی شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق امدادی کارروائیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں