کوہاٹ میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن،6ہلاک

کوہاٹ (نامہ نگار) کوہاٹ میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ شہباز الٰہی کے مطابق سکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران دہشتگردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،شدید مقابلے کے بعد 6دہشتگرد مارے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا سکے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے لاچی میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اور کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو خراج تحسین پیش کیا ہے،وزیرداخلہ نے خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کا قلع قمع کیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی کی مسلسل کارروائیاں قابل تعریف ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں