فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکار 30۔اپریل تک کاشت کیلئے پودوں کا باہمی فاصلہ12۔انچ،وٹوں کا باہمی فاصلہ2فٹ6۔انچ جبکہ فی ایکڑ پودوں کی تعداد17 ہزار5 سو رکھیں۔کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ اقسام کی کاشت یقینی بنائیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کاشتکار منظور شدہ بی ٹی اقسام کے ساتھ کم از کم10 فیصدرقبہ نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا نہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ کپاس کی کاشت ترجیحا پٹڑیوں پر کریں جس کے لیے مشینی طریقہ اختیار کریں یا پٹڑیاں بنانے کے بعد ہاتھ سے چوپے لگائیں۔ اگرکاشت ڈرل سے کرنی ہو تو قطاروں کا درمیانی فاصلہ اڑھائی فٹ رکھیں اور جب فصل کا قد ڈیڑھ سے دو فٹ ہو جائے تو پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا کر پٹڑیاں بنا دیں۔پٹڑیوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا انسداد آسان، کھادوں کا استعمال بہتر، پانی کی بچت اور بارشوں کے نقصان سے بچت ہوتی ہے۔




