کچہری بازار کے دکانداروں کی گرفتاری کیخلاف تاجر سراپا احتجاج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے کچہری بازار میں موبائل شاپس کے بعض دکانداروں کو بغیر ثبوت کے حراست اور مشتبہ موبائل فونز قبضہ میں لینے پر تاجروں کا احتجاج’ دکانیں بند کر کے ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیا، احتجاجی مظاہرین کی ایف آئی اے کے خلاف نعرے بازی اور پکڑے جانیوالے دکانداروں کی رہائی کا مطالبہ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم نے کچہری بازار میں بغیر پروف موبائل فونز فروخت کرنے والے متعدد دکانداروں کو حراست میں لے لیا اور درجنوں مشتبہ موبائل فونز بھی قبضہ میں لے لئے جس پر کچہری بازار موبائل شاپس کے دکانداروں نے کارروائی کرنے پر ایف آئی اے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کچہری بازار کی دکانوں کو بند کر دیا اور کچہری بازار چوک میں ٹائر جلا کر احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا جسکی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاجی مظاہرین نے ایف آئی اے سائبر کرائم کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حراست میں لئے جانے والے دکانداروں کو فوری رہا کیا جائے۔ تاہم بعدازاں تھانہ ریلبازار کے ایس ایچ او نے احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے ان کو انصاف فراہم کروانے کی یقین دہانی کروائی تو احتجاجی مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں