کچے کے علاقہ میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن تیز

لاہور/رحیم یار خان ( نمائندگان)پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچے کے علاقے میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس دبا ئوکے نتیجے میں بدنام زمانہ ڈاکو گورا عمرانی نے اپنے ساتھی سمیت ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات۔سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گورا عمرانی کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر حکومت پنجاب کی جانب سے 1 کروڑ روپے انعام مقرر تھا۔ مزید برآں، اس کے ساتھی فاروق عمرانی نے بھی سرنڈر کرتے ہوئے خود کو قانون کے حوالے کر دیا ہے۔ دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ یہ کامیابی پنجاب پولیس اور سندھ پولیس کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس سے کچے کے علاقے میں امن و امان کے قیام میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچہ کریمنلز کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بدنام زمانہ ڈاکوں کا سرنڈر یقینی بنانے پر ڈی پی او رحیم یار خان اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں