کینو کے باغات کی بحالی اور فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں کینو کے باغات کی بحالی اور فروغ کیلئے اقداما ت جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید سیٹرس ریسرچ سنٹر کے قیام کا منصوبہ زیر تکمیل ہے۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے سیٹرس ریسرچ سنٹر کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات جلد از جلد کسانوں تک پہنچ سکیں۔اس موقع پر ایس ڈی او بلڈنگ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو جاری تعمیراتی کاموں اور منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ سیٹرس ریسرچ سنٹر کے تحت 100ایکڑ رقبے پر مثالی کینو باغ اور جدید نرسری قائم کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ سیٹرس ریسرچ سنٹر کے قیام سے کینو کی پیداوار اور معیار میں بہتری آئے گی جبکہ کاشتکاروں کو جدید زرعی تحقیق اور معیاری پودوں کی فراہمی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے میں باغبانی کے فروغ اور کسانوں کی آمدن میں اضافے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں