گاڑیوں کیلئے نیا ایندھن متعارف

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو نے ہائی پرفارمنس اور اسپورٹس گاڑیوں کے لیے نیا ایندھن متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔آرامکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2026 سے پیٹرول 98 کو مرحلہ وار سعودی مارکیٹ میں لانچ کیا جائے گا۔ابتدائی مرحلے میں پیٹرول 98 ریاض، دمام اور جدہ کے پیٹرول پمپس پر دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ ان بڑے شہروں کو آپس میں ملانے والی اہم شاہراہوں پر واقع فیول اسٹیشنز پر بھی یہ ایندھن فراہم کیا جائے گا تاکہ ہائی پرفارمنس گاڑیوں کے مالکان کو سہولت دی جا سکے۔آرامکو کا کہنا ہے کہ پیٹرول 98 خاص طور پر اسپورٹس گاڑیوں اور جدید ہائی پرفارمنس انجنوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس نوعیت کی زیادہ تر گاڑیاں بڑے شہروں میں استعمال ہوتی ہیں، اسی لیے پہلے مرحلے میں شہری علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرول 98 جدید انجن ٹیکنالوجی کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور گاڑی کی کارکردگی، انجن کی حفاظت اور بہتر فیول ایفیشنسی میں مدد فراہم کرتا ہے۔ آرامکو نے واضح کیا کہ مارکیٹ میں طلب اور صارفین کے رجحان کا جائزہ لینے کے بعد اس پیٹرول کی دستیابی کو دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔کمپنی کے مطابق پیٹرول 98 کی قیمت آرامکو کی سرکاری ویب سائٹ پر ریٹیل فیول سیلز سیکشن میں جاری کی جائے گی۔ آرامکو نے یہ بھی بتایا کہ دیگر فیول مصنوعات کی طرح پٹرول 98 کی قیمتوں کا وقتا فوقتا جائزہ لیا جاتا رہے گا تاکہ مارکیٹ کے حالات اور عالمی رجحانات کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرول 98 کے اجرا سے سعودی عرب میں اسپورٹس اور لگژری گاڑیوں کے صارفین کو ایک نیا اور معیاری آپشن میسر آئے گا، جبکہ یہ اقدام ملک میں جدید آٹوموٹیو ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب بھی اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں