گرانفروشوں کیخلاف ایکشن،4گرفتار،84دکانیں سیل

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی، گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے بازاروں اور مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کی نگرانی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور اتوار کے روز بھی مارکیٹوں میں چھاپے مار کر گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 63 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور 6938 دکانوں اور 285 تندوروں کی جانچ کی۔ اس دوران ناجائز منافع خوری پر 10,500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 84 دکانیں سیل کی گئیں اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مصنوعی مہنگائی اور گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ بازاروں اور تندوروں کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور گراں فروشی پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کی شکایات فوری طور پر متعلقہ حکام کو درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں