گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور (بیوروچیف) وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں مہنگائی کے سدباب کے لیے موثر اور جامع کریک ڈائون کا حکم دے دیا۔مریم نواز کی زیرِ صدارت تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ انہوں نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشی کے خلاف موثر مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کرنے اور چیف سیکریٹری پنجاب کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم کی ذاتی نگرانی کا حکم بھی دیا ہے۔انہوں نے اشیائے خورد ونوش کی طلب و رسد کے امور کی مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نرخ کے بارے میں روزانہ جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردو نوش کے نرخ اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، پوری دنیا میں رمضان کے دوران اشیا کے نرخ کم کیے جاتے ہیں، ہمیں بھی رضا کارانہ طور پر نرخ کم کرنے چاہیے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سہولت بازاروں میں مارکیٹ سے کم نرخ پر معیاری اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈیش بورڈ پر روزانہ بار بار اشیا خورد ونوش کے نرخ خود چیک کر رہی ہوں۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے معاملے میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے، گراں فروشی کے خلاف مہم میں کسی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں