گرانقدر خدمات کا اعتراف،ڈپٹی چیف آفیسرMCFعظمت فردوس کیلئے ہیرو آف فیصل آباد کا اعزاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے فیصل آباد سے تجاوزات کے خاتمہ’ شہر کی خوبصورتی اور گرانقدر خدمات سرانجام دینے کے صلہ میں ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ عظمت فردوس کو ”ہیرو آف فیصل آباد” کی شیلڈ دی۔ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی چیمبر آف کامرس ایوب اسلم منج کی صدارت میں ڈپٹی چیف آفیسر ایم سی ایف محترمہ عظمت فردوس کے اعزاز میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا’ صدر سپریم انجمن تاجران حاجی اسلم بھلی’ چیف کوارڈینیٹر حاجی محمد عابد’ انجمن تاجران ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ’ چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ افغان چوک کچہری بازار کے صدر عبدالرحمن مانی’ نیو بانو بازار کے صدر مرزا شہباز اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایوب اسلم منج اور دیگر تاجر رہنمائوں نے ڈپٹی چیف آفیسر محترمہ عظمت فردوس کی فیصل آباد کے آٹھوں بازاروں سمیت شہر بھر سے پختہ وعارضی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محترمہ عظمت فردوس آٹھوں بازاروں کو فری وہیکل بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے شہر بھر کے مین بازاروں’ مارکیٹوں’ گلی کوچوں میں اپنی نگرانی میں شہریوں کی طرف سے کی جانے والی پختہ وعارضی تجاوزات کو ختم کروایا۔ بازاروں کو پیدل چلنے والوں کیلئے راستے کلیئر کروائے۔ بالخصوص شہر کی خوبصورتی’ دکانوں پر یکساں نوعیت کے بورڈز’ شیڈز پر عملدرآمد کروانے میں شبانہ روز ان کی کاوشوں کو سراہا گیا اور شہر فیصل آباد کو خوبصورت’ دلکش بنانے کیلئے گرانقدر خدمات کے اعزاز میں ”ہیرو آف فیصل آباد” کے اعزاز سے نوازا۔ محترمہ عظمت فردوس کی ان کی خدمات کے صلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ عظمت فردوس نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے ”ہیرو آف فیصل آباد” کی شیلڈ عطا کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ فیصل آباد کے صنعتکاروں’ تاجروں’ عمائدین شہر اور شہریوں کی جانب سے جو محبت’ خلوص ملا ہے زندگی بھر ان کو یاد رکھوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں