ساہیوال(بیوروچیف)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی مہنگائی مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن، ضلع بھر میں تعینات 28پرائس مجسٹریٹس کی طرف سے روزانہ چھاپے مارنے کا عمل جاری ہے۔ یکم مارچ سے9مارچ تک ضلع بھر میں 60948 انسپکشنز کی گئیں جس دوران اوورچارجنگ پر 441دوکانداروں پر 7لاکھ56ہزار 5سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی وحید حسن گوندل نے سب سے زیادہ 22 ہزار 5سو روپے جرمانہ عائد کیا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران سنگین خلاف ورزیوں پر10مقدمات بھی درج کرکے275افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف زیروٹالرینس ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس اشیاء صرف مہنگی داموں بیچنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام پرائس مجسٹریٹس روزانہ 3گھنٹے فیلڈ چیکنگ لازمی کریں اور اشیاء صرف کی قیمتوں پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ کوالٹی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
