گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں،ڈی سی ساہیوال شاہد محمود

ساہیوال(بیوروچیف )ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گیاور گرانفروشی کرنے والوں کے خلاف ضلع بھر میں سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ وہ یہاں منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ہدایت کی کہ تمام پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور روٹی و بریڈ سمیت دیگر اشیائے صرف کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ پندرہ دن میں ضلع بھر میں درجنوں دکانوں پر چھاپے مارے گئے جس کے نتیجے میں گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور نرخ نامے کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کئی دکانداروں کو جرمانے کیے گئے جبکہ بعض کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمودنے انسپکشن ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا کہ وہ اپنی نگرانی مزید مؤثر بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فیلڈ میں متحرک رہیں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں