گرفتار منشیات سپلائر کے انکشافات پر اسکے ساتھیوں کے گرد گھیرا تنگ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سول لائن پولیس نے لاری اڈا سے پکڑے جانیوالے بین الاضلاعی بدنام زمانہ منشیات سپلائر امجد خان سے اڑھائی کلو چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پکڑے جانیوالے منشیات فروش امجد خان نے انکشاف کیا کہ وہ راحت ولد اشرف سکنہ 225 رب اور نعمان ولد یوسف سکنہ پکی ماڑی کے ذریعے علاقہ غیر سے منشیات منگوا کر شہر کے بدنام زمانہ منشیات فروشوں جاوید ڈوگر’ سنی ڈوگر’ نوید سوڈھی چیمہ اور رانی چیمہ کو فروخت کرتا تھا، جس پر پولیس نے مذکورہ منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سب انسپکٹر ایس ایچ او تھانہ سول لائن نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے بتایا کہ دوران گشت نور شاہ ولی دربار لاری اڈا کے قریب مشکوک نوجوان کو روک کر تلاشی لی تو اس کے ہاتھ میں پکڑے ہوئے شاپر سے دو پیکٹ 1260 گرام اور 1240 گرام چرس برآمد ہوئی اور اس نے اپنا نام امجد خان ولد سکندر خانج سکنہ 225 رب احمد نگر بتایا، جو کہ منشیات سپلائی کرنے جا رہا تھا۔ بازپرس کرنے پر ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ خیبرپختونخواہ کے مختلف منشیات فروشوں سے چرس’ آئس’ ہیروئن وغیرہ منگوا کر شہر کے بڑے بڑے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو فروخت کرتا تھا اور وہ نوید سوڈھی کو منشیات دینے جا رہا تھا کہ پکڑا گیا۔ سول لائن پولیس نے مذکورہ بدنام زمانہ منشیات فروش کے نیٹ ورک کے کارندوں کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او سول لائن علی اکبر نے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن سعی کی جا رہی ہے اور جلد بدنام منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں