گرینڈ آپریشن جاری،وارث پورہ میں پختہ تجاوزات مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی زیرنگرانی انسداد انکروچمنٹ عملہ نے وارث پورہ اور گرد ونواح میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے مارکیٹوں’ دکانوں اور گھروں کے باہر پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ جبکہ نڑوالا روڈ’ گوبند پورہ’ محمد پورہ میں بھی شہریوں کی طرف سے کی جانے والی تجاوزات کو ختم کروایا۔ علامہ اقبال کالونی’ ڈی ٹائپ کالونی میں بھی انسداد انکروچمنٹ عملہ نے ریڈمارکنگ کر دی۔ جس پر تاجروں اور شہریوں کی طرف سے ازخود تجاوزات کو ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے اینٹی انکروچمنٹ عملہ محترمہ حافظہ عظمت فردوس کی قیادت میں روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ گزشتہ روز بھی انسداد انکروچمنٹ عملہ نے ڈپٹی چیف آفیسر کی زیرنگرانی وارث پورہ اور گرد ونواح میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر تعمیر شدہ پختہ تھڑے’ چار فٹ سے زائد شیڈ کو گرا دیا اور فٹ پاتھ خالی کروا کر راستہ کلیئر کروا دیئے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ اگر کسی نے دوبارہ تجاوزات کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے اور دکان کے باہر پڑا ہوا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔ جبکہ نڑوالا روڈ’ محمد پورہ’ گوبند پورہ’ مدن پورہ سمیت ملحقہ علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے پختہ تجاوزات’ دکانوں اور گھروں کے باہر بنے تھڑے’ گیراج’ لان’ باتھ روم وغیرہ مسمار کر دیئے۔ علاوہ ازیں شہر کے آٹھ بازاروں اور تجاوزات ختم کروانے کے بعد دوبارہ مختلف علاقوں کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو جرمانے بھی کئے جا رہے ہیں۔ محترمہ حافظہ عظمت فردوس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ازخود اپنے گھروں’ دکانوں کے باہر غیر قانونی پختہ تجاوزات ختم کر دیں جبکہ حکومت کی ہیوی مشینری سے تجاوزات کو ہٹایا گیا تو ان کا زیادہ نقصان ہونے کا احتمال ہے اور شہر بھر میں بلاامتیاز تجاوزات کا خاتمہ کر کے دم لینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں