26

گرینڈ آپریشن کے بعد معمولات زندگی بحال ،بند راستے موٹر ویز کھل گئیں

اسلام آباد /لاہور (بیوروچیف) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے۔اسلام آباد میں گزشتہ رات پی ٹی آئی کے مظاہرین کے خلاف گرینڈ آپریشن کے بعد شہر اقتدار میں معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں، آج سے کاروباری اور کل سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔جگہ جگہ مظاہرین کے چھوڑے کپڑے’ جوتے پڑے ہیں اور متعدد گاڑیاں بھی لاوارث کھڑی ہیں، انتظامیہ نے پی ٹی آئی احتجاج کے باعث بند کی جانے والی سڑکیں آمدورفت کے لیے کھول دی ہیں۔ریڈ زون اور دیگر اہم مقامات پر لگائے گئے کنٹینرز بھی ہٹائے جانے کا کام جاری ہے جبکہ ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں شاہراہوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے۔پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج منسوخ ہونے کے بعد لاہور کے داخلی و خارجی راستے کھول دیئے گئے جبکہ موٹرویز کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک آ اور جا سکتی ہے۔اسی طرح رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روڈ، گجومتہ بھی ٹریفک کیلئے کھلے ہیں، لاہور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔دوسری جانب موٹرویز بھی کھلنا شروع ہو گئی ہیں، ایم 2 لاہور تا اسلام آباد کو کھول دیا گیا، ایم 11 سیالکوٹ تا لاہور بھی کھل گیا۔حکام کے مطابق ایم 1 موٹر وے پر بھی جلد مکمل ٹریفک بحال ہو جائے گی، مرمت کے باعث موٹر وے کو بند کیا گیا تھا، ایم ون موٹر وے پشاور تا اسلام آباد کو مظاہرین نے پہلے ہی کھول دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں