گلستان ارم پارک کا قیمتی فوارہ خراب،پارک تباہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چھوٹی ڈی گرائونڈ کے علاقہ میں واقع گلستان ارم پارک تباہ حالی کا شکار’ لاکھوں روپے خرچ کر کے لگائے جانیوالے فوارے کی ٹوٹیاں نشئی اتار کر لے گئے’ فوارہ کی مرمت کر کے درست حالت میں رکھنے پر توجہ نہیں دی جا رہی’ بچوں کے کھیلنے کیلئے بنائی سلائیڈز ٹوٹ گئیں، نئے پودے لگانے کی بجائے پہلے سے موجود درخت کاٹے جانے لگے، پانی لگانے پر بھی توجہ نہیں دی جا رہی، پارک کی لائٹس خراب’ آوارہ کتوں کی بہتات اور نشیئوں کے ڈیرے’ خواتین نے سیر کے لیے آنا چھوڑ دیا’ شادیوں کے سیزن میں PHA کے لیے کمائی کا ذریعہ بننے والا گلستان ارم پارک پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی ناقص کارکردگی کی منہ بولتی تصویر بن گیا۔ تفصیل کے مطابق چھوٹی ڈی گرائونڈ کے علاقہ میں واقع گلستان ارم پارک PHA حکام کی سستی’ غفلت اور لاپرواہی کے باعث اجڑ کر رہ گیا ہے، یہاں پر لاکھوں روپے خرچ کر کے لگایا جانیوالا فوارہ چالو حالت میں رکھنے پر توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث نشہ کے عادی لوگ اس کی ٹوٹیاں اتار کر لے گئے، پارک میں بچوں کے لیے بنائی جانیوالی سلائیڈز بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، پارک کو سرسبز وشاداب رکھنے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، حتیٰ کہ پانی لگانے کیلئے مناسب انتظامات بھی نہیں کئے جا رہے، نئے پودے لگانے کی بجائے پارک میں موجود درخت کاٹے جانے لگے ہیں اور یہاں پر نصب لائٹس بھی خراب ہیں’ PHA نے گلستان ارم پارک کو ”لاوارث” چھوڑ دیا ہے۔ جبکہ یہاں پر آوارہ کتے بھی موجود رہتے ہیں’ اس صورتحال کے باعث خواتین نے یہاں پر سیر کے لیے آنا چھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ گلستان ارم پارک میں تقریباً ہر روز شادی تقریبات ہوتی ہیں اور یہ PHA کے لیے کمائی کا ذریعہ ہے مگر اس پارک پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ ستم بالائے ستم یہ کہ یہاں پر نئے خوبصورت پھولدار پودے لگانے کی بجائے پہلے سے موجود درخت کاٹے جا رہے ہیں۔ اہل علاقہ نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور خصوصی توجہ دیکر چھوٹی ڈی گرائونڈ کے علاقہ میں واقع گلستان ارم پارک کے مسائل حل کروائیں اور پارک کی بیوٹیفکیشن کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں