60

گندم لیکر پہلا بحری جہاز روس سے پاکستان روانہ

لاہور(بیوروچیف) نجی گندم لیکر پہلا بحری جہاز روس سے پاکستان کے لئے روانہ ہو گیا۔ پاکستان کیلیے نجی گندم کی امپورٹ کا عملی آغاز ہو گیا، روس کی بندرگاہ سے گندم سے لدا بحری جہاز پاکستان کیلیے روانہ ہو چکا ہے جو 8ستمبر کو کیماڑی بندرگاہ پہنچے گا، دوسرا جہاز 14ستمبر کو آئیگا’8ستمبر کو آنے والے بحری جہازمیں 55 ہزار ٹن گندم لدی ہوئی ہے۔امپورٹرز کے مطابق ابتک 4 لاکھ ٹن گندم خریدی جا چکی اور قوی امید ہے کہ نجی شعبہ 9 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم امپورٹ کریگا جس میں سے زیادہ گندم کراچی میں استعمال ہوگی جہاں فلورملز کو گندم دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ قیمتوں میں بھی عدم استحکام موجود ہے، گندم سٹہ بازی میں ملوث فلورملز نے نجی امپورٹ کو سبوتاژ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تھی جو ناکام رہی ، فلور ملز ، ذخیرہ اندوزوں نے نگران وفاقی شخصیت کے قریبی دوستوں کے ذریعے اثر انداز ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔نگران وفاقی حکومت نے عوام کے غذائی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کے دبائو اور غلط مشوروں کو مسترد کردیا۔حساس اداروں نے گندم کی غیر قانونی ٹریڈنگ میں ملوث رحیم یار خان، بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے فلور مل مالکان اور ذخیرہ اندوزوں کی نئی فہرست کی تیاری شرع کردی جن میں سے چند کے بارے انٹیلی جنس اداروں کو شواہد ملے ہیں کہ وہ وفاقی اور صوبائی نگران کابینہ کے چند ارکان کے ذریعے گندم امپورٹ کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے رہے جبکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں مصنوعی اضافہ میں بھی یہی عناصر ملوث ہیں۔علاوہ ازیں گزشتہ روز سیکرٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو نے کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات کی بنا پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی سفیان اعوان کو ملازمت سے برخاست کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں