گوجرہ،چنیوٹ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں

گوجرہ(نامہ نگار)فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف لاہور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ غزہ ریلی میں شرکت کیلئے قافلہ جماعت اسلامی کے دفتر جھنگ روڈ سے ضلعی امیر ڈاکٹر عطاء اللہ حمید کی قیادت میںروانہ ہواجس میں مقامی رہنمائوں حیدرعلی چوہدری ، چوہدری عبدالقیوم ،قاری محمد آصف،رانا کاشف اور حافظ احمد محمود سمیت جماعت اسلامی گوجرہ کے مردو خواتین کارکنان کی بڑی تعدادشامل تھی اور قافلہ بسوں ویگنوں اور کاروںپر مشتمل تھا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطین سے اظہار یکجہتی پر مبنی بینرزاور کتبے اٹھا رکھے تھے۔روانگی سے قبل ضلعی امیرڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے کہاکہ عالمی برادری کو چاہئے کہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر جاری اسرائیلی حملوں کوبند کروانے میں بھر پورکردار ادا کریں اورجرات مندی کاثبوت دیں تاکہ فلسطینی مسلمانوں کو باطل قوتوں کی طرف سے جاری مظالم سے نجات مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی اس اہم مسلہ پر خاموشی افسو سناک ہے ۔انہوں نے سربراہان اسلامی ممالک سے مطالبہ کیاہے کہ متحد ہو کر نہتے فلسطینی مسلمانوں پر جاری جارحیت کو بند کروانے میں کردار اداکریں۔تاکہ فلسطینی مسلمان آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔دریں ثنائ۔چنیوٹ(نامہ نگار) سنی علما کونسل کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گی ریلی جامع مسجد صدیق اکبر سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوی تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح چنیوٹ میں بھی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا مذہبی جماعتوں کی جانب سے نکالی گئی ریلی جامع مسجد صدیق اکبر سے ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ریلی کے شرکا نے فلسطینی جھنڈے اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ریلی میں تمام مکتبہ فکر کے علما اکرام نے شرکت کی،مظاہرین نے اسرائیل اور اس کے حامی ممالک کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی میں سیاسی، سماجی، اور مذہبی تنظیموں کے سینکڑوں افراد سمیت شہریوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، ریلی کے شرکا نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف اقوام متحدہ میں آواز اٹھائے،شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے اور ہمارے الگ پاکستان حاصل کرنے مقصد تب ہی پورا ہوگا جب پاکستان مسلمان ممالک کے حق میں کھڑا ہوگا ریلی کے شرکا نے اسرایلی مصنوعات کے بایکاٹ کا مطالبہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں