57

گوجرہ اور جڑانوالہ میں حادثات ، 2موٹر سائیکل سوار جاں بحق

جڑانوالہ، گوجرہ (نمائندگان) ٹریفک کے المناک حادثہ میں ٹرالر ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار 23 سالہ نوجوان کو کچل ڈالا،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 229 ر-ب مکوانہ کا رہائشی 23 سالہ نوجوان سیلم ارسلان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ مکوانہ بائی پاس روڈ پر تیز رفتار ٹرالر ڈرائیور نے کچل ڈالا جس کے نتیجہ میں زخمی ہونیوالا سلیم ارسلان طبی امداد ملنے سے قبل ہی موقع پر دم توڑ گیا اطلاع پر ریسکیو اہلکاروں نے بر وقت پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر پولیس کے سپرد کر دیا پولیس تھانہ کھرڑیانوالہ نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالہ کر دیا ہے نوجوان بیٹے کی اچانک ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی تاہم پولیس مصروف کارروائی ہے۔ علاوہ ازیں تیز رفتار ڈالہ کی ٹکرلگنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔معلوم ہواہے کہ چک نمبر366ج ب کاسید سلیم رضا حسن اپنے موٹر سائیکل پر سوار جھنگ روڈ پر آرہا تھا کہ مخالف سمت سے آنیوالے ڈالہ کی ٹکر لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جو موقع پر ہی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہو گیا اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے اس کی نعش اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی اورحادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلا ش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں