گورنر سندھ کا علی خامنہ ای کی شہادت پر اظہار غم

کراچی(بیوروچیف)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ایران پر حالیہ حملوں اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ ایران پر حالیہ حملے اور آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت انتہائی افسوسناک ہیں اور اس پر پوری قوم کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی واضح طور پر ان حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔گورنر سندھ نے مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اگر ملک کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلا گیا یا قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو اس سے دشمن کے مذموم عزائم کو تقویت ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، احتجاج کو ہر صورت پرامن رکھیں اور ملک کے اندر کسی بھی قسم کی بدامنی یا نقصان سے بچیں۔ گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اتحاد، استحکام اور امن ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں