گورنر’ وزیراعلیٰ ‘ وزراء کے دفاتر کا بجٹ کتنا بڑھا؟

لاہور (بیوروچیف) پنجاب کے نئے بجٹ میں گورنرہائوس، وزیر اعلیٰ ہائوس، صوبائی وزراء کے دفاتر اورپنجاب اسمبلی کے بجٹ میں اضافہ کردیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق صوبائی وزراء کے دفاتر کے بجٹ میں 204 فیصد، وزیراعلیٰ آفس کے بجٹ میں 19فیصد اورپنجاب اسمبلی کے بجٹ میں 47فیصد اضافہ کیا گیا۔ پنجاب بجٹ کی دستاویزات کے مطابق گورنر ہائوس کا بجٹ ایک کروڑ 61لاکھ سے بڑھا کر 15کروڑ 37لاکھ، وزیراعلیٰ آفس کا بجٹ 23کروڑ روپے اضافے سے ایک ارب 46کروڑ جبکہ صوبائی وزرا کے دفاتر کا بجٹ 35کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب روپے کردیا گیا۔دستاویزات کیمطابق پنجاب اسمبلی کا بجٹ 5ارب ایک کروڑ 72لاکھ سے بڑھا کر 7ارب 38کروڑ روپے کردیا گیا جبکہ پنجاب کے 41کمشنر آفسز کے بجٹ میں 2کروڑ 81لاکھ روپے اضافہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کا بجٹ 26فیصد اضافے سے 21کروڑ 24لاکھ روپے ہوگیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں