گورنر KPکی وفاقی وزیر قانون سے ملاقات

اسلام آباد (بیورو چیف)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔ وزارت قانون و انصاف اسلام آباد میں ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، وفاق و صوبے کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران قانونی اصلاحات اور عوام کو فوری و سستا انصاف فراہم کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر سے جنوبی اضلاع کے وکلاء کے پیشہ وارانہ تربیتی کورسز اور ڈی آئی خان، ٹانک سمیت جنوبی اضلاع کے بارز کیلئے گرانٹ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے رکھنے سے متعلق بات چیت کی۔ گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے نامساعد حالات میں وہاں کی وکلاء برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی سے نہ صرف آئینی تقاضے بہتر انداز میں پورے کئے جا سکتے ہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل میں بھی تیزی لائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے گورنر خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ وفاقی وزارت قانون صوبے کو درکار قانونی معاونت اور رہنمائی فراہم کرتی رہیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں